لاہور (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کی صورتحال شہری علاقوں میں بہتر جبکہ مضافاتی علاقوں اور عام گلی محلوں میں انتہائی ناقص رہی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی کے انتظامات صرف اہم علاقوں اور بڑی شاہراہوں تک ہی محدود رہے جبکہ شہر کے عام گلی محلوں میں گندگی کی شکایات موصول ہوتی رہیں۔
عید الاضحی کے تینوں روز شہری اپنی مدد آپ کے تحت گندگی کو اٹھاتے رہے جبکہ کئی علاقوں میں دو دن کے بعد بھی صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے کمپنی کی طرف سے تقسیم کئے گئے بیگز بھی عام گلی محلوں میں نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے گندگی میں مزید اضافہ ہوا۔ شہر کے کئی علاقوں میں عید کے پہلے روز سارا دن لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکار غائب رہے اور گندگی کی وجہ سے اہل علاقہ اور اہل محلہ کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جبکہ اب بھی شہر کے اکثر علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو نہیں اٹھایا جا سکا ہے۔