کراچی (خصوصی رپورٹ )حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی ادارے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنائیں ،عید الاضحی پر آلائشوں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگانے کے ساتھ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز کے ہمراہ شاہ فیصل زون یونین کونسل نمبر 2 ، 3اور 4کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عید الاضحی کے موقع پر عوام کو در پیش بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے دورے کے موقع پر شاہ فیصل کالونی نمبر1اور 5کی مختلف کچرا کنڈیوں سے کچرے کی عدم منتقلی پر سخت برہمی کا اظہار اور متعلقہ عملے کی سرزنش کرتے ہوئے تاکید کی علاقائی سطح پر صاف ستھرے ماحول کے قیام کو اولین ترجیحی بنا ئی جائے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کا قطعی مظاہرہ نہ کیا جائے آلائشوں کو اُٹھانے کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے محکمہ سنیٹریشن کے افسران وعملے کو ہدایت کی کہ آلائشوں کو بروقت اُٹھانے کے ساتھ ساتھ قربانی کے جانوروں کی باقیات کو بھی فوری طور پر اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جائے۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے حوالے سے ہنگامی پلان کے خاتمے کے بعد عید الاضحی کے چوتھے روز علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور کچرا کنڈیوں کی مکمل صفائی اور اس پر جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے خصوصی مہم چلا ئی جائیگی دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں سیوریج نظام کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے عملے کی کا رکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ 24گھنٹے کے اندر شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں سیوریج کے مسائل کو حل کیا جائے۔
بعد ازاں شاہ فیصل کالونی نمبر 5 پر شاہ فیصل زون کے تحت عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو دفنانے کے لئے تعمیر کئے ٹرینچز کا دورہ کرکے آلائشوں کو دفنان کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے شاہ فیصل زون کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹرینچز کو مکمل بند کرنے کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران و عملے کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے عمل کی بہتری کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تمام علاقوں میں انجام دیا جائے۔