کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے کالونی اسپورٹس فٹ بال اسٹیڈیم ملیر پر منعقدہ “عید الفطر فیسٹیول فٹ بال ٹورنامنٹ “کا ٹائٹل کالونی اسپورٹس نے اپنے نام کرلیا ،فائنل مقابلے میں کالونی اسپورٹس ملیر نے ایک سخت اور کانٹے دار مقابلے کے بعد مسلم اسپورٹس کو 2-0سے شکست دیدی۔
دوران کھیل پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے بر ابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں کالونی اسپورٹس کی جانب سے ریحان نے یکے بعد دیگر 2گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی نمایاں کردار ادا کیا ۔فائنل معرکہ کے اختتام پر DFAایسٹ اور سندھ اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کے رکن اجمل خٹک نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی کیش انعامات تقسیم کئے۔
فاتح ٹیم کو 15اور رنر اپ ٹیم کو 10ہزار روپے کیش انعام دیئے گئے جبکہ مین آف دی میچ ،بیسٹ گول کیپر اور مین آف دی سیریز کو بھی کیش انعام سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری DFAایسٹ عبید اللہ خان ،سابق صدر DFAایسٹ ضمیر السلام ،محمد عابد ،ماسٹر ریاست علی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔