لاہور (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے عید الفطر پر شہریوں کو قصابوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔پرائس کنٹرول سسٹم اور مجسٹریٹس غیر فعال ہونے کا فائد ہ اُٹھاتے ہوئے قصابوں نے عید الفطر سے قبل مٹن اور بیف کے نرخوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا۔ شہر میں 90 فیصد سے زائد علاقوں میں غیر قانونی سلاٹرنگ کرکے جانور فروخت کئے گئے
اس کے باوجود مٹن اچانک دوسوپچاس روپے اور بیف عام مارکیٹ میں130روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔سرکاری نرخ نامے کے مطابق مٹن 500 روپے کے بجائے 750 روپے فی کلو اور بیف 250 روپے کی بجائے 380 روپے میں فروخت کیا جاتا رہا۔
قیمہ کے نرخ بھی بڑھا دئیے گئے ۔قصاب شہریوں سے عیدی الگ وصول کرتے رہے ۔گوشت کی دکانوں پر لگائے گئے پرانے نرخ نامے اُتار دئیے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور لائیو سٹاک کے ویٹرنری آفیسر ز مثبت کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔
شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں جانوروں کی خرید و فروخت پر ہر قسم کی فیس کی معافی کے باوجود قصابوں نے شہریوں کو معاف نہیں کیا۔صوبائی دارالحکومت کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے