گجرات : عیدالفطر رب ذولجلال کے فضل وکرم اور عبادات رمضان کے انعامات حاصل کرنے کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت پیر محمد افضل قادری نے نیک آباد (مراڑیاں شریف) گجرات میں عید الفطر کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوام وخواص کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز عید الفطر کے موقع پر حضرت پیر محمد افضل قادری نے امت مسلمہ، خصوصا وطن عزیز پاکستان اور حاضرین کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں اور بعد ازاں عقیدتمندوں سے فردا فردا عید ملی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید الفطر کا دن آتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتوں کے سامنے اپنے بندوں پر فخر کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ اے میرے فرشتو! اس مزدور کی کیا جزاء ہے جو اپنا کام مکمل کر دے؟ فرشتے عرض کرتے ہیں: اسکی جزاء یہ ہے کہ اس کو پورا اجرو ثواب عطا کیا جائے۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: اے فرشتو! میرے بندوں اور بندیوں نے اپنا فرض ادا کیا پھر وہ نماز عید کی صورت میں دعاء کیلئے نکل آئے ہیں، مجھے میری عزت و جلال، میرے کرم اور میرے بلند مرتبہ کی قسم! میں ان کی دعائوں کو ضرو ر قبول کروں گا۔
پھر رب ذولجلال فرماتے ہیں: بندو! تم گھروں کو لوٹ جائو میں نے تمہیں بخش دیا اورتمہارے گناہوں کو نیکیوں میں بد ل دیا۔ پھر وہ بندے عید کی نماز سے لوٹتے ہیں حالانکہ اُن کے گناہ معاف ہوچکے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر کے بعد مسلسل یا وقفہ کے ساتھ ماہ شوال کے چھے روزے رکھنا بہت زیادہ اجر وثواب کا باعث ہے۔