عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی اور صفائی کے نظام کو بہتر رکھنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں کی طرف سے خودساختہ مہنگائی کی روک تھام
Posted on October 9, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
جھنگ : ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی اور صفائی کے نظام کو بہتر رکھنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں کی طرف سے خودساختہ مہنگائی کی روکتھام، انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر لوگوں کو اشیائے خوردونوش فروخت کرنے اور دکانوں و ریڑھیوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کے کام کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ڈی پی او ذیشان اصغر، اے ڈی سی چوہدری ہارون الرشید، اسسٹنٹ کمشنرز، ممبران امن کمیٹی محمد نواز سیال، نواب شمشیر خان سیال، صفدر سلیم سیال، محمد عمر خان ،ریاض حسین بھٹی ،شیخ محمد یونس، حاجی منظور انور، مفتی نصیرالدین، حاجی محمد علی، عبدالغفور جھنگوی، مولانا عبدالعلیم یزدانی، شیخ واصف مجید، چوہدری امتیاز احمد حاجی دلدار علی، سید حسن زیدی،سہیل احمد، چوہدری انوار علی جٹ اور،رائے ایاز اکبر نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے ضلع میں امن وامان کی فضا کوبحال رکھنے پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، ایمائے دین اور معززین شہر کے بھر پور تعاون اور مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب جھنگ امن کا گہوارہ بن چکا ہے آئندہ کسی شخص یا گروہ کو امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات اور تقاریر میں لوگوں کو بھائی چارے ،یگانگت،اتفاق و اتحاد برقرار رکھنے کی تلقین کریں اور ایسے بیان سے اجتناب کریں جس سے کسی فرقہ یا گروہ کی دل آزار ی ہو۔ا نہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے ایام میں شہروں میں صفائی ، ٹریفک کے نظام کو بہتر رکھنے اور قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو مخصوص جگہوں پر ٹھکانے لگانے کیلئے ٹی ایم اووز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مخصوص سیل پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں۔ اسکے علاوہ کسی شخص کو بازاروں ،چوکوں اور مارکیٹوں میں جانور لیکر کھڑے ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔
انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو فعال بنانے کیلئے ضلعی پولیس کے ساتھ ساتھ اپنے طور پر بھی رضا کاروں کو بھی ذمہ داری سونپیں جو ہر آنے جانے والے شخص پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے ممبران امن کمیٹی پر زور دیا کہ شہر میں ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔ ڈی پی او نے کہا کہ علمائے کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ غلط اور فرقہ واریت پر مبنی تقاریر کرنے والے علماء کرام اور ذاکرین کو ہر گز مدعو نہ کریں اور اگر کوئی عالم یا ذاکر سٹیج پر اشتعال انگیز تقریر کرے جس سے کسی فرد یا مسلک کے جذبات مجروح ہوں تو اسے فوری طور پر منع کریں۔انہوںنے ممبران امن کمیٹی پر زور دیا کہ وہ شہر اور علاقہ میں ہونے والے غلط کاموں اور ناجائز دھندہ میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ون وے کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے شہریوں کا تعاون حاصل کرنا ضروری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرزنے اس موقع پر بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع کی چاروں تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے، عید گاہوں کی صفائی اور عید گاہوں کو جانے والے راستوں پر پانی کا چھڑکائو کرنے کیلئے ٹی ایم اووز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنرز جھنگ اور شورکوٹ نے یہ بھی بتایا کہ عیدالاضحی کے ایام میں قربان کئے جانے والے جانوروں کی باقیات کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔
اس ضمن میں ٹی ایم اووز کی طرف سے شہریوں کو شاپر فراہم کیے جائینگے جن میں وہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں وغیرہ کو محفوظ کرکے اپنے گھروں کے باہر رکھنا ہوگا تاکہ سینٹری سٹاف ان باقیات کو بروقت اٹھا سکے۔اس دوران علمائے کرام، عمائدین اور ممبران امن کمیٹی نے عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔