کراچی (جیوڈیسک) ٹریفک پولیس کی نااہلی اور انتظامیہ کی لاپروائی سے عیدالفطر کے چوتھے روز بھی شہر بھر کی اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، لوگ کئی گھنٹوں تک پھنسے رہے۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے 3 روز ٹریفک نظام کی تباہی کے بعد چوتھے روز بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے بجائے پیسے بٹورتے نظر آئے۔ شارع فیصل، اسٹیڈیم روڈ، کارساز ، راشد منہاس روڈ، شہید ملت روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، یونیورسٹی روڈ، نشتر روڈ، گارڈن سمیت مختلف سڑکوں اور علاقوں میں واقع تفریحی مقامات پر شہریوں نے اپنی گاڑیاں سڑکوں پر ہی پارک کر دیں جس کی وجہ سے سڑک سے گزرنے والی گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تفریحی پارک کے باہر ٹریفک پولیس کے اہلکار بڑی تعداد میں موجود تو تھے تاہم وہ پارکنگ اور ٹریفک بحال رکھنے کے بجائے رکشہ ٹیکسی مالکان سے 50 روپے لینے میں مصروف رہے۔