عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں غیر فعال، عوام کو مشکلات کا سامنا

ATM Machines

ATM Machines

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک کی واضح ہدایات کے باوجود ملک کے مختلف بینکوں کے آن لائن لنکس ڈاؤن ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں غیر فعال ہوگئی ہیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے تمام سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ عید الفطر کے موقع پر صارفین کو بلا تعطل بینکاری کی سہولت فراہم کی جائے اس سلسلے میں ملک کے تمام بینکوں کی تمام شاخیں ہفتہ وار چھٹی کے باوجود ہفتے کے روز کھلی ہیں لیکن کئی بینکوں کے آن لائن لنکس ڈاؤن ہیں جس کی وجہ سے جہاں ناصرف آن لائن بینکنگ نہیں ہورہی وہیں ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں بھی عملاً غیر فعال ہوگئی ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام نجی بینکوں کو اضافی کیش اور سسٹم درست رکھنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں لیکن اس کے باوجود کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کے لنک ڈاؤن اور کیش نہ ہونے کی وجہ عوام سخت پریشان ہیں۔ اورجو اے ٹی ایم مشینیں فعال ہیں ان پر عوام کے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل رقم کی لین دین بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے آن لائن نظام کو فعال رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم لنک ڈاؤن یا فنی خرابی کا کوئی حل نہیں۔

دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پرقائم کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کا خراب یا بند ہونا عام سی بات ہے۔ عید کی خوشیاں رقم کی دستیابی سے منسلک ہیں لیکن خدشہ ہے کہ بینکوں سے ٹرانزیکشن کے عمل میں رکاوٹ اس میٹھی عید کی خوشیاں پھیکی نہ کردے کیونکہ خوشی کے موقع پرجب عوام کورقم نکالنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے تو اے ٹی ایم سمیت بینکوں کا آن لائن سسٹم بھی کام نہیں کرتا اور شہری چیک لئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور بینک کھلنے کے باوجود بھی عوام کی مشکلا ت حل نہیں ہوسکیں۔

نیشنل بینک کے ریجنل ہیڈ عاقب ملک کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اے ٹی ایمز کی کارکردگی اطمنان بخش ہے اور بینکوں کو واضح ہدایت کی ہے کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ دی جائے جبکہ عوام بھی اپنی مشکلات سے بینکوں اور اے ٹی ایمز کے قریب چسپاں نمبرز پر آگاہ کرسکتے ہیں۔ عاقب ملک کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تنخواہوں اور پینشنز کی ادائیگی شروع کردی گئی ہے اور آخری تنخواہ دار صارف کی ادائیگی تک شاخیں کھلی رہیں گی۔