عید کی چھٹیاں ختم ہوئیں اور لوڈ شیئڈنگ کا جن بوتل سے باہر آگیا۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے مکینوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ ہر ایک گھنٹے بعد ڈھائی گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب رہی۔ جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سپرہائی وے کو بلاک کردیا۔ جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
نارتھ کراچی، یو پی سوسائٹی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشن معمار ملیر، جوہر، عباسی اسپتال کے اطراف میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور علاقہ مکین بجلی اور پانی کی بندش کے دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کے آنکھ مچولی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔ جس کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے، فیصل آباد اور گرد ونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ سے اٹھارہ گھنٹے ہوگیا ہے۔