کراچی (جیوڈیسک) عید میلاد النبی کے حوالے سے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں میلاد اور درود و سلام کی محافل جاری ہیں، گھر، محلے، مساجد اور بازار سج چکے ہیں، شہر شہر، گلی گلی چراغاں کیا جا رہا ہے، مختلف شہروں میں مشعل بردار جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
کراچی میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن منانے کیلیے گلی گلی قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر جلوس نکالے جارہے ہیں اور عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سرور کائنات کے حضور نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
کراچی کی نمائش چورنگی پر 12800 دیئے روشن کیے گئے ہیں۔ لاہور میں بھی عاشقان رسول کا جوش و خروش دیدنی ہے، عید میلاد پر ملتان کے فیضان مدینہ میں محفل نعت کا سلسلہ جاری ہے، نامور ثنا خواں حضور اکرم کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں بھی پرنور محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور جلوس نکالے جا رہے ہیں، آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں بھی جشن آمد رسول بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر راولپنڈی کے بازار، گلی کوچے اور مساجد برقی قمقموں سے سجائے گئے ہیں، درود و سلام کی گونج سے شہر کا شہر انوار و تجلیات سے منور ہے۔
بچوں کا جوش و خروش دیدنی ہے تو خواتین بھی شہر کی سجاوٹ دیکھنے میں مگن ہیں۔ دوسری جانب گھروں میں بھی عید میلاد النبی کی خوب تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
عید میلاد النبی کے حوالے سے سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور بیجز کی فروخت عروج پر ہے۔
عاشقان رسول یوم ولادت مصطفی شان و شوکت سے منانے کی تیاریوں میں مگن ہیں اور علماء سیرت طیبہ بیان کر کے اس پر عمل کا درس بھی دے رہے ہیں۔