اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلاالنبی ﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، اس حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد بھی جاری ہے جن میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں.
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہات ، مساجد، سرکاری و غیر سرکاری عمارات، مکانات سمیت گلی محلوں کو گذشتہ شب برقی قمقموں، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی مصنوعات سے سجا دیا گیا، آج صبح پاکستان میں عیدمیلاالنبی ﷺ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، رات کو محافل نعت، کانفرنسوں کا اہتمام اور چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا، مساجد میں اسلام کی بالادستی، مذہبی تعلیم کے فروغ، اتحاد، یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور امت مسلمہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی.
سرکاری، غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور پاکستانیوں نے آج کے دن کی مناسبت سے میلاد جلوسوں، سیمینارز، کانفرنسز اور مذاکروں سمیت متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا ہے، ملک بھر کے طول و عرض میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
پاکستان بھر میں لوگوں نے سڑکوں، گلیوں، بازاروں، سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی کیساتھ رنگارنگ روشنیوں سے سجایا ہے اور بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں جن پر عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے تحریریں درج ہیں ، اسلام آباد سے مرکزی جلوس جی سیون اور کراچی کمپنی سے شروع ہو گیا جبکہ بھارہ کہو ، ترنول ،گولڑہ شریف سمیت دیگر علاقوں سے بھی میلاد شریف کے جلوس نکالے جائیں گے، میلاد جلوسوں کے مقررہ راستوں کو سی ڈی اے نے صفائی کرتے ہوئے سفید چونا چھڑک دیا، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، مرکزی و دیگر جلوسوں کے لئے 478 افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں۔
مرکزی جلوس کا آغاز صبح 10بجے گراؤنڈ جی سیون مرکز نزد رحمت کمیونٹی سینٹر سے ہوا جو براستہ جامع مسجد الرضاجی سیون ،جامع مسجد الحبیب جی سیون تھری کارنرفضل حق روڈ،لوپ سیونتھ ایونیو،لال کوارٹر چوک، امام بارگاہ جی سکس ٹو، سی ڈی اے ہسپتال،ہالی ڈے ان آبپارہ مارکیٹ سے ہوتا ہوا دربار سخی محمود پر اختتام پذیر ہو گا، چاند تارا چوک سے ڈھوکری چوک تک کشمیر ہائی وے ٹریفک کے لئے ڈائیورشن ہو گی، شہری آمد و رفت کے لئے بھارہ کہو،راول ڈیم سے آنے والے شہری کشمیر ہائی وے یا براستہ راول ڈیم چوک، فیض آباد سے فیصل ایونیو استعمال کریں۔
واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے عیدمیلاالنبی ﷺ کو شایان شان طور پر منانے کیلئے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کو خصوصی ہدایت کی تھی جس کی روشنی میں اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام انٹرنیشنل سیرت کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی وفود کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔