جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عظیم الشان جلوس پیر محمد افضل قادری کی زیر قیادت نکالا گیا
Posted on January 16, 2014 By Majid Khan گجرات
گجرات: جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا عظیم الشان جلوس نیک آباد (مراڑیاں شریف) گجرات سے پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری مرکزی امیر عالمی تنظیم اہلسنت کی زیرقیادت نکالا گیا۔ جلوس میں علماء ومشائخ سمیت ہزارہا غلامان رسول نے شرکت کی۔ بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ اور جی ٹی روڈ کے تاجروں اور اہلیان گجرات نے تاحد نگاہ پھیلے ہوئے اس جلوس میلاد کا تاریخ ساز استقبال کیا اور منوں پھول پتیاں نچھاور کیں۔ جبکہ راستے مین جگہ جگہ شرکاء کیلئے مٹھائیوں اور کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔
جلوس کے اختتام پر چوک جی ٹی ایس گجرات میں عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت پیر محمد افضل قادری نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و برکات کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا ہی فلاح دارین کا باعث اور میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حقانیت اسلام پر روشن ترین دلیل بنا کر بھیجا، آپ کے حیران کن جسمانی محاسن، آپ کے پسینہ وپیشاب سے خوشبو کا مہکنا،آپ کے دانتوں سے نور کا نکلنا،آپ کے تھوک کا صحابہ کرام کا اپنے منہ پر ملنا اور آپ کے چہرہ مبارک کے حسین جلوئوں کو دیکھ کر یہودیوں کے عبد اللہ بن سلام کا اسلام قبول کرنا، آپ کے رسول برحق ہونے کی واضح نشانیاں ہیں۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھوں خلق کثیر کے سامنے چاند کے دو ٹکڑے ہونا،ڈوبے ہوئے سورج کا واپس لوٹانا،انگلیوں سے پانی کے چشمے برآمد فرمانا،متعدد جانوروں سے کلام کرنا آپ کے رسول اللہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔
یوں ہی آپ کا کسی انسان سے نہ پڑھنے کے باوجود قیامت تک پوری انسانیت کے لئے کامل،اکمل اور فلاح دارین کا ضامن مکمل ضابطہ پیش کرنا،روزِ روشن کی طرح بیّن دلیل ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ کے فیض یافتہ اور اس کے رسول ہیں ۔اسی طرح آپ کی ہزاروں پیش گوئیاں کا سچ ثابت ہونا بھی آپ کی صداقت واضح کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا لیکن دشمنان ِ اسلام کی خطر ناک شازشوں کے نتیجے میں وطن عزیز میں لادینیت اور تباہ کن فحاشی بڑی تیز ی سے پھیل رہی ہے جس کے انسداد اور نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفاذ کیلئے ضروری ہے کہ مسلمان منظم ہو کر کردار ادا کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عالمی تنظیم اہلسنت جلد کراچی،لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں زبر دست دھرنے دے کر حکومت کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقاصد کی طرف متوجہ کرے گی۔ کانفرنس میں ایک قرار داد کے ذریعے پاکستان میں نظام مصطفی اور نظام خلافت ِ راشدہ فوری نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ایک اور قرارداد میں فحاشی کے انسداد، مخلوط نظام تعلیم کے خاتمے اور غیراسلامی لباس پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا۔ جلوس سے صاحبزادہ مفتی محمد معروف سبحانی، علامہ ابو تراب بلوچ، مولانا منیر شاد، پروفیسر بشیر مرزا، و دیگر علماء نے خطابات جبکہ قاری خالد محمود، مدثر شریف ودیگر نے خوبصورت انداز میں ثناء خوانی رسول کی۔
خبر، تصویر اور ویڈیو کلپ یہاں سے لے سکتے ہیں: www.ahlesunnat.info/786
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com