حیدر آباد (جیوڈیسک) جشن عید میلادالنبی کو شایان شان انداز سے منا نے کیلئے پریٹ آباد، پھلیلی، لطیف آباد نمبر 10 ، عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چوک، آفندی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کو سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
12 ربیع الاول کی خوشیاں منانے کیلئے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلی محلوں ،گھروں اورگاڑیوں کو سجا رہے ہیں، کہیں برقی قمقموں کی روشی ہے کہیں آرائشی گیت اور محراب بنائے گئے ہیں ، کئی مقامات پر آتشبازی اور پرچم کشائی کرکے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کیا اظہار کیا جارہا ہے۔
شہری گھر سجانے، چراغاں کرنے کے ساتھ نعت مبارک بھی پڑھ رہے اور قرآن خوانی کی محافل منعقد کی جارہی ہیں جبکہ لوگ نئے کپڑے پہن کر خوشیاں منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
شہر کے مختلف مقامات پرمحافل میلاد درودوسلام کی بابرکت محافل کے علاوہ ریلییاں نکالی جارہی ہیں۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لئے آپ کی دی گئی تعلیمات پرزیادہ سے زیادہ عمل کیا جائے۔