کراچی : بلدیہ کورنگی کی جانب سے عید میلاد النبی کے موقع پر مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے اقدامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنا نے کے لئے چیئر مین بلدیہ کورنگی کی ہدایت پر افسران وعملہ شب روز مصروف ہیں۔
عبادت گاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے کام اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی ہے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ۖ کے موقع پرمسائل سے پاک معاشرے کا قیام منتظمین کے تعاون سے یقینی بنا رہے ہیں اور انشا اللہ عاشقان رسول ۖ کو مسائل سے پاک ماحول میں عید میلاد النبی ۖ کی خوشیاں منا نے کا موقع فراہم کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں کے روٹس پر جاری روڈ کارپیٹنگ کے کاموں اور علاقائی سطح پر بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے سڑکوں کی کارپیٹنگ اور پیچ ورک کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری کاموں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
بعد ازاں چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ایم پی اے نشاط ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عید میلاد النبی ۖ اور 100روزہ عوامی خدمت پلان کے تحت بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ خدمت کا سچا جذبہ موجود ہو تو وسائل کو ئی حیثیت نہیں رکھتی مسائل کے حل کے لئے وسائل نہ ہونے کے باوجود ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اور انشا اللہ 100روزہ عوامی خدمت پلان شہر کو ترقی اور عوامی خوشحالی کی جانب گامزن کردے گا۔
ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے عوام سے بھی اپیل کی وہ ضلع میں تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمے کے لئے 100روزہ عوامی خدمت پلان میں بلدیہ کورنگی کا ساتھ دیں اور اپنے ضلع کو مسائل سے پاک بنانے میں مددگار بنیں۔