کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں عید سے قبل نئے نوٹوں کا کرارا کاروبار زوروں پر ہے، مختلف نوٹوں کی گڈی پر ڈیڑھ سو سے 300 روپے تک کا کڑک منافع کمایا جارہا ہے۔ عید کے موقع پر کرارے نوٹوں کی ضرورت ہر شخص کو ہوتی ہے مگر ہر سال ناقص انتظام اور حکام کی ملی بھگت کے باعث بینکوں میں نئے نوٹ تو جیسے غائب ہی ہو جاتے ہیں۔
عوام کی ایک بڑی تعداد کو نئے نوٹ مختلف بازاروں میں اضافی رقم دے کر حاصل کرنے پڑتے ہیں۔اس سال بھی رمضان میں یہ کاروبار اپنے عروج پر دکھائی دے رہا ہے اور کراچی کی بولٹن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی ان گڈیوں پر کئی سو روپے کا منافع کمایا جارہا ہے۔ 10 اور 20 روپے کی گڈی پر 150 روپے تک اضافی لیے جا رہے ہیں جبکہ 50 اور 100 روپے کی گڈی پر ڈھائی سو سے 300 روپے تک کا منافع لیا جا رہا ہے۔