کراچی (جیوڈیسک) عید قرباں قریب آتے ہی ملیر جیل کے حکام نے بھی عیدی وصولی مہم شروع کردی ،جیل میں آنے والے نئے قیدیوں کو بھی نہیں بخشاجاتا، پیسے نہ دینے والوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمدکے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے حکام نے قیدیوں سے عیدی وصولی مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں جیل کے سپاہی اور دیگر افسران اعلیٰ حکام کے نام پر قیدیوں سے ہزاروں روپے قربانی کے جانور خریدنے کے نام پر وصول کر رہے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں ان سے انتہائی ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عیدقرباں کے قریب آتے ہی جیل حکام نے قیدیوں کی جیبوں کا صفایا کرنا شروع کر دیا ہے، جیل میں آنے والے نئے قیدیوں کو بھی نہیں بخشاجا رہا ہے، انھیں ان کی من پسند بیرک میں بھیجنے۔
ملاقات کے لیے آنے والوں کے لیے پرچی بنانے، موبائل فون کے استعمال اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے قدم قدم پر اہلکاروں کی جیبیں گرم کرنا پڑتی ہیں جو قیدی ایسا نہیں کرتا اسے جیل کے بیٹرطارق گجرکے ذریعے پیسے دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
طارق گجر تشدد سمیت ہرحربہ آزماتا ہے، اگر کوئی قیدی ظلم کیخلاف آواز بلند کرتا ہے اور تحریری شکایات درج کراتا ہے تو ایسی شکایات کو سرد خانے کی نذر کر دیا جاتا ہے، قیدیوں نے وزیر جیل خانہ جات اور آئی جی جیل خانہ جات سے اپیل کی ہے۔
کہ انھیں جیل حکام کے مظالم سے نجات دلائی جائے، ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے سپرنٹنڈنٹ شجاع حیدر نے رابطہ کرنے پر کہا کہ جو افسر بھی قیدیوں سے رقم لینے میں ملوث پایا گیا یا اس کے خلاف کوئی ثبوت ملا توسخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔