فیصل آباد (جیوڈیسک) جیولری کو خواتین کی آرائش میں خاص اہمیت حاصل ہے جس کے بغیر خواتین کی عید کے لئے شاپنگ ادھوری رہتی ہے۔ عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں جیولری کی دکانوں پر خواتین کا رش دیدنی ہے۔
سونے چاندی کے زیورات تو ہر موقع پر استعمال کئے جاتے ہیں تاہم سونے کی قیمت میں بے پناہ اضافے نے مصنوعی زیورات کی مانگ میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تیزی سے بدلتے ہوئے فیشن بھی مصنوعی جیولری کی فروخت میں روز بروز اضافہ کر رہے ہیں۔
عید کے موقع پر خواتین بیش قیمت زیورات کے بجائے ہلکے پھلکے زیورات کو ترجیح دیتی ہیں۔ عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں مصنوعی زیورات کی فروخت میں عام دنوں کی نسبت سو فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خواتین اپنے ہر جوڑے کے ساتھ میچنگ جیولری خریدنا پسند کر رہی ہیں۔ بازاروں میں خواتین کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ رمضان المبارک کے آخری ایام میں بازاروں میں خواتین کا رش فطری عمل ہے تاہم عید سے دو تین روز قبل خواتین زیادہ تر جیولری کی شاپنگ کرتی ہی نظر آتی ہیں۔
انار کلی بازار، ستیانہ روڈ اور ریگل روڈ کی مارکیٹوں میں جیولری کی خریداری کیلئے آئی ہوئی خواتین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے اب تو مصنوعی جیولری کے دام بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں اور مصنوعی جیولری خریدنا بھی اب پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔