لاہور (جیوڈیسک) قربانی کے جانور خریدنے کے بعد لاہور یئے عید کی خریداری کیلئے بازاروں میں نکل آئے۔ شہر کے تمام بڑے بازاروں لبرٹی مارکیٹ، مون مارکیٹ، گڑھی شاہو مین بازار، ٹاؤن شپ بازار اور انار کلی بانو بازار میں گزشتہ رات گئے تک خریداروں کا رش دکھائی دیا۔ دکاندار بھی عید کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ’’عیدی‘‘ بنانے میں مصروف ہیں۔ خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کی بڑی تعداد اپنے والدین سے ضد کرکے اپنی پسند کی چیزیں لیتی رہی۔
خواتین اور دکانداروں کے درمیان قیمتوں پر بحث مباحثہ بھی قابل دید تھا۔ سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں ملنے کی وجہ سے خواتین نے شہر بھر کی مارکیٹوں کا رخ کیا۔ کم آمدنی اور متوسط طبقے کی خواتین کو مہنگائی کے باعث عید شاپنگ کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بازاروں میں شاپنگ کیلئے آئی ہوئی خواتین نے کہا کہ مہنگائی تو بہت ہے لیکن بچے نئے کپڑے لینے کی ضد کررہے ہیں اسلئے خریداری پر مجبور ہیں۔