لاہور (جیوڈیسک) ریلوے حکام نے عیدالاضحی پر 14 سپیشل ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق عید سپیشل ٹرین کراچی سے 2اکتوبر کو پشاور اور راولپنڈی کے لیے اور 3اکتوبر کو لاہور اور سرگودھا کیلئے ٹرینیں چلیں گی۔ لاہور سے 4اکتوبر کو نارووال اور 8اکتوبر کو ایک ٹرین کراچی (مین لائن) اور ایک ٹرین براستہ فیصل آباد کیلئے روانہ ہوگی۔
راولپنڈی سے 4اکتوبر کو ایک ٹرین ملتان اور ایک ٹرین لاہور کے لیے، کوئٹہ سے 2 اکتوبر کو ایک ٹرین راولپنڈی کے لیے، ملتان سے کراچی کیلئے 8 اکتوبر کو، پشاور سے لاہور کیلئے 4 اکتوبر کو، نارووال سے لاہورکیلئے 4 اکتوبر کو اور سرگودھا سے کراچی (براستہ فیصل آباد) 8 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔
دوسری طرف ریلوے حکام نے سپیشل اور دیگر ٹرینوں کے سکیورٹی پلان کی تیاری شروع کر دی ہے اور حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں پر ریلوے پولیس کے کمانڈوز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گریڈ 18 اور 17 کے ریلوے کے بعض افسر عید کی چھٹیاں ٹرینوں میں گزاریں گے جو شعبہ کمرشل کے متعلقہ ملازمین کے ساتھ مل کر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے جس کے لئے ریلوے حکام نے 25 سے زائد چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیشل ٹرینوں کے ساتھ کوئٹہ، کراچی اور سکھر سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں میں پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ حساس علاقوں سبی، جیکب آباد،شہداد پور، کوئٹہ، میں چلنے والی ٹرینوں پر ریلوے پولیس کے کمانڈوز ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ریلوے سٹیشنوں پر لگائے گئے کلوزسرکٹ کیمروں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے ۔جنرل منیجر ریلوے آپریشن جاوید انور بوبک نے روز نامہ دنیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے مال و جان کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔