عید کے بعد سٹریٹ لائٹس اور دفاتر کو سولر سسٹم پر شفٹ کیا جائے گا، صوبائی وزیر

Solar System

Solar System

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر توانائی شیر علی خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد بجلی بنانے اور بچانے کی مہم کے تحت صوبے کی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی تمام سٹریٹ لائٹس، گھروں اور دفاتر میں استعمال ہونے والے یو پی ایس نیشنل گرڈ سے اتار کے سولر سسٹم پر شفٹ کر دیے جائیں گے۔

ذرائع کے فورم میں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر توانائی شیر علی خان نے بتایا کہ کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے والی چینی کمپنیوں سے معاہدوں کے نتیجے میں جنوری 2015 تک پنجاب میں تین ہزار میگا واٹ اضافی بجلی پیدا کرنا شروع کر دے گا۔ان معاہدوں کے نتیجے میں 10 تا 12 سینٹ فی یونٹ بجلی ملنے کا امکان ہے۔

جبکہ عید کے بعد بجلی بچانے کی مہم کے نتیجے میں دو ہزار میگا واٹ بجلی کی بچت متوقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیر اعظم کی طرف سے ریاستی ضمانت کی شرط واپس لینے کے اعلان سے بہت ساری چینی کمپنیوں نے پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ چائنا پاور انٹر نیشنل ہولڈنگ چھ سو میگا واٹ کے 4 پاور پلانٹس لگائے گی جن سے پنجاب کو 12 سینٹ فی یونٹ کے حساب سے بجلی ملے گی،یہ پلانٹ درآمدی کوئلے کی مدد سے چلائے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم تمام صوبائی اکائیوں کے اتفاق رائے سے بننا چاہئے۔