اسلام آباد (جیوڈیسک) عید کے تیسرے اور چھٹی کے آخری دن مزہ دوبالا کرنے کیلئے بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا ہے۔ بچوں نے چڑیا گھر کا رخ کیا تو بڑوں نے رات بار بی کیو پارٹیوں میں گزاری۔۔ ملک بھر میں عیدالضحی کے تیسرے اور تعطیلات کے آخری روز شہریوں نے مزہ دوبالا کرنے کیلئے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا ہے۔
دن کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد اہل خانہ کے ہمراہ تفریح گاہوں اور پارکس کا رخ کر رہی ہے۔ مختلف پارکس میں بچوں کی بڑی تعداد جھولوں اور اونٹ کی سواریوں سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ بچوں کا کہنا ہے کہ وہ والدین کے ہمراہ عید کی تعطیلات میں خوب مزے کر رہے ہیں۔
بچوں کے ساتھ ساتھ والدین بھی سیرسپاٹوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ تھکاوٹ کے باوجود بچوں کی خوشی کی خاطر تفریح گاہوں میں آئے ہوئے ہیں۔ منچلے بھی بڑی عید پر کسی سے پیچھے نہیں۔ دوستوں یاروں کی محفلیں اور باربی کیو کے مزے اڑاتے نوجوانوں کی خوشی بھی دیدنی ہے۔ عید کی شام سے شروع ہونے والی تکہ بوٹی کی پارٹیاں عروج پر ہیں۔