عید کا تیسرا دن، آخری سرکاری چھٹی، قربانی، بچوں کی رونق، دعوتوں کا سلسلہ جاری

 Eid Third Day

Eid Third Day

کراچی (جیوڈیسک) آج عید کا تیسرا دن ہے ، جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ دعوتوں اور پارٹیوں کا بھی۔ جو لوگ عید کے پہلے اور دوسرے دن قربانی نہیں کرسکے یا جنھوں نے ایک سے زائد جانور قربانی کے لیے خریدے، آج انھوں نے قربانی کی، وہی قصاب جو پہلے دن ڈھونڈے نہیں مل رہے تھے۔

آج گاہک ڈھونڈتے پھر رہے ہیں، ریٹ بھی مناسب ہو گئے اور نخرے بھی۔ عید سے پہلے جانوروں کی دیکھ بھال اور ان کے ساتھ کھیلنے میں پوری طرح مصروف رہنے والے بچے، اب سیرو تفریح میں مشغول ہیں ۔ مختلف پارکوں اور تفریحی مقامات پر بچوں اور خواتین کا رش بڑھ گیا ہے۔

عید الاضحی کے موقع پر سنت ابراہیمی ادا کرنے کے بعد رشتہ دار او دوست احباب عید کی مبارک باد دینے کے لئے ایک دوسرے مل رہے ہیں۔ بچے اور خواتین مختلف پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔ جبکہ گھروں میں قربانی کے گوشت سے مختلف قسم کے پکوان تیار کئے جا رہے ہیں۔