کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی میں عید الاضحی سے قبل تمام فیملی پارکوں میں تزئین و آرائش کے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر عید کے موقع پر عوام کو مثالی تفریحی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے فیملی پارکوں میں صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری کے سات بچوں اور بڑوںکے لئے تفریحی سہولیات مہیا کی جائیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند اور محکمہ پارکس کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی زونز میں قائم فیملی پارکوں کا تفصیلی دورہ کرکے تزئن و آرائش اور سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ پارکس کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ پارکوں، کھیل کے میدانوں اور شاہراہوں کی سنٹرل آئی لینڈ کو سرسبز بنا نے کے حوالے سے جاری انتظامات کو مزید تیز کریں اور آلودگی کے خلاف مہم کو عوامی تعاون کے ذریعے کامیاب اور تمام علاقوں میں سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرسبز ماحول کی آفادیت کو اُجاگر کرنے کے لئے مہم چلائی جائے۔
عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ درختوں اور پودوں کی آبیاری اور ان کی حفاظت کو یقینی بنا یا جائے بعد ازاں ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی اور ممکنہ برسات کے پیش نظر برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے تمام زونز کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا نے اور برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے انتظامات کو برسات سے قبل مکمل کیا جائے۔