لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے عیدالضحی کے لیے سیکورٹی پلان مرتب کر لیا، 8 ہزار پولیس اہلکار اور 2500 ٹریفک وارڈنز ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔
صوبائی دارلحکومت لاہور میں حالیہ دہشت گردی کی کاروائی کے بعد لاہور پولیس نے عید الضحی پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا۔سیکورٹی پلان چاند رات سے نافذ العمل ہو گا اور عید کے تینوں روز برقرار رہے گا۔
ایس پی سیکورٹی لاہور کے مطابق بکر منڈیوں،عید کے اجتماعات اور پارکوں میں سیکورٹی تعینات کی جائے گی جبکہ اقلیتوں کے مراکز پر اضافی سیکورٹی لگائی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بھی عید سے قبل اور عید کے دنوں میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کے لیے 2500 افسران اور وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق عید کے دنوں میں ٹریفک وارڈنز کے حوالے سے ڈیوٹی نہ کرنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کو کنٹرول کرنے کے لیے ویجیلینس کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ایس پیز عید کے دنوں میں شہر کے اہم اور حسا س مقامات پر سیکیورٹی کا خود جائزہ لیتے رہیں اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔