لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو تجویز دی ہے کہ عید الفطر کے بعد لانگ مارچ کیا جائے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ملاقات کے لئے جاتی امراء پہنچے، جہاں ان کا استقبال مریم نواز، حمزہ شہباز، رانا ثنااللہ اور پرویز رشید سمیت دیگر رہنماؤں نے کیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جاتی امراء بیٹھک میں سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کے حوالے سے بات اور پیپلزپارٹی کے استعفے نہ دینے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرکے اپوزیشن کو سیاسی نقصان پہنچا، لانگ مارچ ملتوی کرنے سے کارکنوں میں اضطراب پایاگیا، اب حکومت کے خلاف جو بھی تحریک یا فیصلہ کیا جائے اس سے کوئی پیچھے نہ ہٹے، پیپلزپارٹی اتحاد کااہم حصہ ہے اسے کسی صورت نظر نہیں کریں گے۔
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، اور اتفاق کیا گیا کہ عوامی رائے عامہ حکومت کے خلاف ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ جب کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سربراہ پی ڈی ایم کو تجویز دی کہ عید الفطر کے بعد لانگ مارچ کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دوں گا، حکومت پی ڈی ایم کو توڑنے کےلئے جو بھی سازش کرے اس کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔