فیصل آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت مزدور کی موت ہے ، عوام کا جینا محال ہو چکا ہے وہ روٹی ، کپڑا اور مکان چاہتے ہیں۔ شیخ رشید کہتے ہیں ملک بچانے کے لیے عمران خان کے ساتھ سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ قوم نے فیصلہ عمران خان کے ہاتھ میں دے دیا ہے ، عوام ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف دہلی ضرور جائیں لیکن کشمیریوں کو نہ بھولیں۔ وہ بھارت سے شفاف الیکشن کرانے کا گر سیکھ کر آئیں یا بھارتی الیکشن کمشنر ادھار مانگ لائیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہو جائے تو اسمبلی میں بیٹھنا حرام ہے۔ ملک کو بچانے کے لیے عمران خان کے ساتھ سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ عید قربان سے پہلے قربانی ہوگی ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں اعجاز چودھری ، ابرارالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصلہ آ گیا ہے کہ فیصل آباد ن لیگ کا گڑھ نہیں تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔