ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال ابتر دکھائی دیتی ہے کئی علاقے اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے بجلی کی بندش نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال تین ہزار چھ سو میگاواٹ ہو گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے تو عوام کو پریشان کر ہی رکھا ہے کہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بھی کوئی کثر نہ چھوڑی۔ میر پور آزاد کشمیر میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بڑھ گیا۔ شہری علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہات میں سولہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی طویل بندش نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ متعدد شہروں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث عوام کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔