لندن (جیوڈیسک) لندن رپورٹ کی تشکیل کیلئے دنیا کے 91 ممالک میں بزرگوں کے معیار زندگی کا جائزہ لیا گیا، سویڈن بزرگوں کے معیار زندگی کے حوالے سے بہترین، افعانستان بدترین ملک قرار لندن ایک برطانوی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بزرگوں کے معیارِ زندگی کے حوالے سے بہترین ملک سویڈن ہے جبکہ پاکستان بدترین ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کی مدد سے برطانیہ کی سائوتھ ہمپٹن یونیورسٹی نے تیار کی ہے۔
دنیا میں پہلی بار بزرگوں کے معیار زندگی بہتر بنانے اور انہیں دی گئی سہولتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کو تشکیل دینے والوں میں بزرگوں کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ہیلتھ ایج انٹرنیشنل کے ایک پروفیسر بھی شامل ہیں۔ اس رپورٹ کی تشکیل کے لیے دنیا کے 91 ممالک میں بزرگوں کے معیار زندگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس جائزے میں بزرگوں کی صحت اور انہیں معاشرے میں دیے گئے دوستانہ پہلوئوں پر غور کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق سویڈن بزرگوں کی رہائش کے لیے موزوں ترین ملک قرار پایا ہے جبکہ افعانستان بزرگوں کے لیے بدترین ملک ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بدترین ممالک میں پاکستان نواسیویں نمبر پر ہے جبکہ بھارت تہترہویں نمبر پر ہے۔ بہترین ممالک میں سویڈن کے بعد امریکہ آٹھویں نمبر پر اور برطانیہ تیرہویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 42 فیصد پچاس سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کو یقین ہے کہ مشکل پڑنے پر ان کے رشتہ دار مدد کریں گے۔ تاہم اسی عمر کے صرف 41 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں رات کو اکیلے پیدل چلنے میں محفوظ محسوس نہیں کرتے۔