کراچی (اسٹاف رپورٹر) یکم مئی کو حیدرآباد میں ہونے والا اے پی ایم ایل کا جلسہ عوام کی پرویز مشرف سے لافانی محبت کا اظہار ‘ مشرف کی عوامی مقبولیت کا ثبوت اور آل پاکستان مسلم لیگ کی سیاسی قوت کا مظہر ثابت ہوگا کیونکہ حیدرآباد کے جلسہ عام میں صرف حیدرآباد کے ہی نہیں۔
بلکہ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع سے مشرف کے چاہنے والے شریک ہونگے جبکہ لبرٹی چوک طارق روڈ کا یہ رکنیت سازی کیمپ یکم مئی کے جلسہ حیدرآباد میں کراچی کے عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کررہا ہے۔
یہ بات اے پی ایم ایل سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی نے جنرل سیکریٹری شاہد قریشی ‘ انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین‘وصی الدین‘ اظفرنظامی‘ریحان شیروانی‘محمد مشرف‘ محمد سلیمان‘ فہمیدہ جاکھرانی اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ لبرٹی چوک طارق روڈ پر لگائے جانے والے آل پاکستان مسلم لیگ کے رکنیت سازی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کی ہدایت پر آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی نے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین اور سید عارف کے ہمراہ متحدہ کے مرکز نائن زیرو پہنچ کر اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور پرویز مشرف کی جانب سے حلقہ NA-246کے ضمنی اور کنٹونمنٹ انتخابات میں متحدہ کی شاندار فتح پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ‘ اراکین رابطہ کمیٹی ‘ متحدہ قومی موومنٹ کے عہدیداران‘ کارکنان‘ سپورٹرز اور بالخصوص متحدہ کے حق میں فیصلہ دینے والے رائے دہندگان کو مبارکباد اور پرویز مشرف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پیش کیا۔