اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کے بعد الیکشن بل 2017ء کی قومی اسمبلی نے بھی منظوری دیدی ہے۔ وزیر قانون زاہد حامد نے قومی اسمبلی کے اجلاس می٘ بل پیش کیا تو اپوزیشن نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر کے شدید احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں جبکہ شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔
قوی اسمبلی سے منظوری کے بعد الیکشن بل 2017ء کو صدرِ مملکت ممنون حسین کے پاس بھیجا گیا جنہوں نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق نا اہلی کی مدت بھی 5 سال سے زائد نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے زیر صدارت اجلاس میں الیکشن اصلاحات کا بل پیش کیا گیا تو اس موقع پر اپوزیشن کا شدید احتجاج دیکھنے میں آیا۔
اپوزیشن ارکان نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے شور شرابا شروع کر دیا۔ اس موقع پر کئی ارکان نے سپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔