کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مخالفین نا خود الیکشن لٰڑنا چاہتے ہیں، نا ہمیں لڑتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسی لئے الیکشن مہم کے دوران اشتعال پیدا کیا جا رہا ہے۔
ایم کیو ایم این اے 246 سے ریکارڈ ووٹ لیکر فتح مند ہو گی۔ جناح گراونڈ کراچی میں ایم کیو ایم کی جانب سے موسیقی کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب میں الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ این اے 246 میں پر امن انتخاب کے انعقاد کے لئے صبر و تحمل سے کام لیں۔
مخالفین کی جانب سے پتھراو کیا گیا تو بھی جواب دینے سے گریز کیا جائے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مخالف پارٹیاں انتخابی مہم کے دوران تصادم کرکے حلقے میں ضمنی الیکشن رکوانا چاہتی ہیں۔
این اے 246 سے ایم کیوایم اتنے ووٹ لے گی کہ ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے کارکنوں سے کہا کہ جذباتی نعرے لگانے اور دیگر پارٹیوں کی ریلیوں کی طرف اپنی ریلی کو لے کر جانے سے گریز کریں۔