اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے فرزند ارسلان افتخار کی تحریری درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گزشتہ عام انتخابات میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی نقول اور دیگر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کمیشن کے ذرائع کے مطابق ارسلان افتخار کی درخواست پر کمیشن پر کسی قانونی قدغن کا اطلاق نہیں ہوتا کہ وہ مطلوبہ دستاویزات ارسلان افتخار یا ملک کے کسی بھی شہری کو فراہم کرنے سے انکار کر سکے جس کا نام ووٹر لسٹ میں درج ہے، کوئی بھی شہری کسی بھی امیدوار کے کاغذات نامزدگی کی نقول قانونی طریقہ کار کے تحت کمیشن سے حاصل کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ارسلان افتخار کو کمیشن کی جانب سے آئندہ ایک آدھ روز میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی نقول سمیت دیگر دستاویزات فراہم کی جائیں گی اور اس کیلئے سمری چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کردی گئی ہے۔ ڈاکٹر ارسلان کا کہنا ہے الیکشن کمیشن نے انہیں کہا ہے جمعہ سے قبل کاغذات کی کاپی فراہم کر دی جائیگی۔