پاکستان (جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی تفصیلات جاری کردیں، قومی اسمبلی میں امیدوار پندرہ لاکھ اور صوبائی اسمبلی کا امیدوار دس لاکھ روپے تک خرچ کر سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گیارہ مئی دوہزار تیرہ کو ہونے والے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ ہرامیدوار کو چار اپریل تک بینک اکانٹ کھلوا کے انتخابی اخراجات کی رقم جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران اخراجات صرف اسی اکانٹ سے کیئے جائیں گے۔
امیدوار روزانہ کی بنیاد پر اخراجات کا ریکارڈ رکھیں گے اور ہر جمعرات کو ریٹرننگ افسران کو تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تمام اخراجات جی ایس ٹی رجسٹرڈ فرم میں اندراج شدہ ہونے چاہیں۔
ضابطہ اخلاق میں انتخابی مہم کے دوران وال چاکنگ اور لاڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ جلسے جلوس ضلعی انتظامیہ کی مشاورت کے بعد منعقد کیے جائیں گے سیاسی جماعتیں جلسے سے ایک ہفتہ پہلے مقامی انتظامیہ کو آگاہ کریں گی، اور لمبی لمبی کار ریلیوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے انتخابات میں حصہ لینے والا ہر امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل کو یقینی بنائے۔