لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فرض بنتا ہے کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان لوگوں کا راستہ روکے تاکہ دیانت دار حاکم کا انتخاب یقینی ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عوام کو دیانتدار قیادت کے انتخاب کا موقع دے اور کرپٹ عناصر کے اقتدار میں آنے کے جتن کو روکے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63، 62 پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے، 63، 62 پر عمل نہ ہوا تو چور لٹیرے پھر ایوانوں پر قابض ہو جائیں گے، ہم ملک کو مزید تباہی کی طرف جاتا نہیں دیکھ سکتے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو پاکستان کو کرپشن فری، خوش حال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، ایک مثالی اسلامی ریاست قائم کریں جہاں اللہ کے حکم کے مطابق فیصلے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے موجودہ نظام کو تبدیل کردیں گے، موجودہ ٹیکسیشن کے نظام میں سارا بوجھ غریب پر ہے، ان لوگوں کا محاسبہ چاہتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو مقروض بنایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے، صاف اور شفاف انتخابات ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوں گے، باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا اترنے والے الیکشن میں آئے تو ایک عظیم قیادت سامنے آئے گی۔