کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاق اور صوبوں کے مجاز انتظامی افسران کو الیکشن کمیشن کے ماتحت کرنے کیلئے قانونی تحفظ کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ انتخانی عمل کی شفافیت کیلئے الیکشن کمیشن کا مکمل طور پر خود مختار اور با اختیار ہونا انتہائی ضروری ہے۔
مگر اس سے بھی قبل اس کا غیر جانبدار ہونا لازم ہے جبکہ موجود ہ الیکشن کمیشن سابقہ قومی انتخابات میں غلطیوں کی بھر مار کے باعث غیر جانبداری ‘ فعالیت اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی اہلیت سے محروم ہوچکا ہے اسلئے اس کی ازسر نو تشکیل قومی مفاد اور آئندہ انتخابات میں شفافیت کیلئے لازم ہے۔
اگر الیکشن کمیشن کی از سر نو تشکیل اور اس میں تمام صوبوں کی متناسب نمائندگی کو یقینی بنائے بغیر اسے با اختیار بنانے کی کوشش کی گئی تو آئندہ انتخابات بھی شفافیت کے حوالے سے متنازعہ ہوجائیں گے اور پاکستان میں شفاف انتخابات کا انعقاد محض خواب اور سراب ہی کہلائے گا۔