اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لئے نئے قوانین کا مسودہ پیش کر دیا۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس چیرمین اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ الیکشن کمیشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔
چیرمین کمیٹی اسحاق ڈار نے اجلاس میں بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کو 316 سفارشات پیش کی ہیں جبکہ عوام کی جانب سے 280 سفارشات موصول ہوئی ہیں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لئے انتخابی قوانین کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا جبکہ انتخابات سے قبل مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں کی تجویز بھی دی گئی،کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں نادرا، پرنٹنگ کارپوریشن اور مقناطیسی سیاہی بنانے والے اداروں کے سربراہان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن الیکٹرانک مشین کے ذریعے کرانا چاہتے ہیں جبکہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کے الزامات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افضل خان کے الزامات پر اجلاس کل ہوگا جس میں دھاندلی کے الزامات اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور الیکشن کمیشن اجلاس کے بعد ہی اپنا موقف پیش کرے گا۔