الیکشن کمیشن: وفاق اور صوبوں کا اہم اجلاس آج طلب

 Election Commission

Election Commission

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز شریک ہونگے۔ جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات نومبر کے پہلے ہفتے میں کرانا مشکل ہیں۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات جماعتی یا غیرجماعتی بنیادوں پر کرانے، حلقہ بندیوں اور بلدیاتی قوانین پر غور کیا جائے گا۔ انتخابات کے لئے ووٹرز لسٹ اور انتخابی شیڈول جاری کر نے کا معاملہ بھی زیر بحث لایا جائے گا۔

دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات نومبر کے پہلے ہفتے میں کرانا مشکل ہیں جبکہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کا آرڈینینس بھی منظور نہیں کرایا جاسکا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی تاحال کوئی حتمی تجاویز مرتب نہیں کرسکی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل کو جلد قانون سازی کی درخواست کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آرڈینینس تیس ستمبر تک آنے کی شرط پر نومبر کے پہلے ہفتے کی تاریخ دی گئی تھی۔ آرڈینینس میں تاخیر کے باعث کنٹونمنٹس بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہو رہی ہے جبکہ قانون سازی کے بعد الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول کیلئے تیس دن چاہئیں۔