اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ عمران خان اور افضل خان کے عائد کردہ الزامات سمیت خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انقعاد اور حلقہ بندیوں سے متعلق قانون میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج دوپہر دو بجے اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں عمران خان اور سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان کے دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں افضل خان کے خلاف ممکنہ کارروائی اور بیلٹ پیپرز کی اردو بازار سے چھپائی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات، بائیو میٹرک سسٹم کے نفاذ، حلقہ بندیوں سے متعلق قانون میں تبدیلیوں اور نئی جماعتوں کی رجسٹریشن کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔