اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کے مطابق 1174 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں سے صرف 209 اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 75 اور سینیٹ کے 29 اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں جب کہ صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب کے 38، سندھ کے 42، خیبرپختون خوا کے 19 اور بلوچستان کے 6 اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں جب کہ تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے 30 ستمبر 2014 تک کی مہلت دے رکھی ہے۔