اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے حد بندیوں کے عمل کا آغاز کر دیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں حد بندیوں کیلئے افسران کو تربیت دینا شروع کر دی ہے۔ پنجاب اور سندھ حکومت سے یونین کونسلز، وارڈ کی سطح پر حد بندیوں کے نوٹیفکیشن اور تصدیق شدہ نقشے بھی طلب کر لئے ہیں۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور سندھ الیکشن کمیشن کے ضلعی افسران کی تربیت شروع ہو چکی ہے۔ تربیتی عمل جنوری کے دوسرے ہفتے میں ختم ہو گا۔
پنجاب اور سندھ نے حد بندیوں کیلئے ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے کمیٹیاں بنا دی ہیں۔