اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے ریلیف ملنے کے بعد الیکشن کمیشن کا کوئیک ایکشن، انتخابی شیڈول میں معمولی ردوبدل کر کے کاغذاتِ نامزدگی آج سے وصول کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیداروں کی ابتدائی فہرست آٹھ جون کو جاری ہو گی۔ کاغذاتِ نامزدگی کی سکروٹنی چودہ جون تک ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی چار سے آٹھ جون تک داخل کر سکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست آٹھ جون کو جاری کر دی جائے گی۔ باقی الیکشن شیدول جوں کا توں رہے گا۔
کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کیلئے پہلے دو سے چھ جون کی تاریخ دی گئی تھی، مگر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نیا نامزدگی فارم کالعدم قرار دیئے جانے کی وجہ سے انتخابی عمل رک گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے، اب کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی پیر سے شروع ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے سنٹرل سکروٹنی سیل تشکیل دیدیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن سیل کے سربراہ ہوں گے۔ چار ٹیموں پر مشتمل 36 رکنی سیل چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔
ذرائع کے مطابق 4 ٹیموں پر مشتمل سنٹرل سکروٹنی سیل پیر سے باضابطہ طور پر کام شروع کرے گا۔ سیل امیدواروں کی آرٹیکل 62، 63 کے مطابق جانچ پڑتال یقینی بنانے میں مدد دے گا۔ نادرا، ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک سے رابطہ کر کے دوہری شہریت، قرضوں کی عدم ادائیگی اور انکم ٹیکس کی معلومات جمع کرے گا۔
الیکشن کمیشن کا سنٹرل سکروٹنی سیل دو شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کریگا۔ ریٹرننگ افسران اور متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینشن کے فرائض بھی انجام دے گا۔