الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نومنتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

Election Commission of Pakistan

Election Commission of Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے نتیجے میں نومنتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

کمیشن کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق امیدواروں کی کامیابی کے تمام نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ہیں جبکہ عدالتوں کی جانب سے روکے گئے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک امیدواروں کی جانب سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔

کمیشن کی جانب سے کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو اب 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت شامل ہونا ہوگا۔

اس کے بعد 8 اگست کو سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستوں کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق 9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے جائیں گے۔

بعدازاں صدر پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانےکے علاوہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور قائدِ ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 116، مسلم لیگ (ن) 64، پیپلز پارٹی 43 اور ایم ایم اے 12 نشستوں کے ساتھ نمایاں ہیں جبکہ 13 آزاد امیدوار بھی ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔