اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات کی خود نگرانی کی تجویز دے دی۔ تاہم انتخابی اصلاحات کمیٹی اس تجویز پر برا مان گئی۔ سیاسی جماعتوں نے اس تجویز کو اپنے معاملات میں مداخلت قرار دے ڈالا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو تجویز دی ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر دو ہزار دو میں ترمیم کر کے سیاسی جماعتوں کے انتخاب کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے۔ سیاسی جماعتوں کے انتخابات کی نگرانی الیکشن کمیشن کا نامزد نمائندہ کرے۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی تجویز کو رد کرتے ہوئے کہا کہ تجویز سیاسی جماعتوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت تصور ہو گی۔
ملک میں تین سو پچیس سے زائد سیاسی جماعتیں ہیں، ہر جماعت کے انتخابات کی نگرانی سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی متاثر ہو گی۔ مخالفت پر تجویز کو انتخابی قوانین کے مسودے میں شامل نہیں کیا گیا۔