پی سی بی کو نیا ’’باس‘‘ دلانے کیلیے تیاریاں مکمل

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کو نیا ’’باس‘‘ دلانے کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، گورننگ بورڈ کے ارکان 18 اگست کو چیئرمین کا انتخاب کرینگے۔ نگراں سربراہ اور الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ثائرعلی نے شیڈول جاری کردیا تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ کی جانب سے 21 جولائی کے فیصلے میں 7 دن کے اندر نگراں چیئرمین اور الیکشن کمشنر کا تقرر کرکے ایک ماہ میں پی سی بی کے مستقل سربراہ کا انتخاب کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کی طرف سے یہ ذمہ داری سونپے جانے کے پانچویں روز ہی جسٹس (ر) ثائر علی نے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے بورڈکی پریس ریلیز کے مطابق کاغذات نامزدگی 15 اگست کی شام 5 بجے تک وصول کیے جائینگے، اگلے روز اسکروٹنی اور پییرز واپس لینے کا مراحل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائیگی۔

الیکشن کیلیے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس اور کامیاب امیدوار کا اعلان 18 اگست کو کیا جائیگا، نو منتخب چیئرمین اسی روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔ الیکشن کیلیے الیکٹورل کالج میں اسلام آباد ریجن کے نمائندے شکیل شیخ اور پشاور سے گل زادہ شامل ہونگے، کراچی کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں ہونے کی وجہ سے نمائندے کا فیصلہ عدالتی فیصلے یا حکم سے مشروط ہوگا، راولپنڈی ریجن کا کوئی منتخب نمائندہ نہ ہونے کی وجہ سے نامزدگی ہی نہیں کی جاسکی۔

ڈپارٹمنٹس میں اقبال قاسم نیشنل بینک، امجد لطیف سوئی ناردرن گیس، منصور مسعود خان یونائیٹڈ بینک اور یوسف نسیم کھوکھر واپڈا کی نمائندگی کرینگے۔ سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم نواز شریف کے نامزد 2 ارکان نجم سیٹھی اور شہر یار خان بھی موجود ہونگے۔

بین الصوبائی رابطہ امور کی وزارت کے سیکریٹری یا حکومت کا نامزد کردہ کوئی افسر بھی اجلاس میں شامل لیکن اسے ووٹ کا حق حاصل نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت کے بعد ہنگامی طور پر گورننگ بورڈ کا حصہ بنائے جانے والے سابق چیئرمین شہر یار خان دوسری اننگز کھیلنے کیلیے مضبوط امیداور ہیں۔