اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے کسان پیکج کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم نواز کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ کسان پیکج کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو طلب کرلیا جب کہ سیکرٹری فوڈ کو وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ کسان پیکج سے متعلق تمام دستاویزات کے ہمراہ الیکشن کمیشن آنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر فتح محمد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سےدائر درخواست کا جائزہ لے رہا ہے جس میں انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کی مداخلت کی شکایت کی ہے جب کہ قواعد و ضوابط کی شق 21 اور 27 بلدیاتی انتخابات سے قبل کسی بھی قسم کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتی اور قواعد کی شق 21 کے مطابق الیکشن سے قبل سرکاری ذریعے سے اشتہار کی ممانعت ہوتی ہے جب کہ شق 27 کے تحت ترقیاتی کاموں کا اعلان نہیں کیا جاسکتا اس لئے وزیراعظم کے کسان پیکج کے اعلان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 15 ستمبر کو چھوٹے کسانوں کے لئے 100 ارب روپے کے اضافی قرضے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سولر ٹیوب ویل لگانے کے لئے چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے دیئے جانے تھے۔