اسلام آباد (جیوڈیسک) ایک ہفتے کی مہلت گزرنے کے باوجود 3 صوبوں کے الیکشن ٹریبونلز نے الیکشن کمیشن کو زیر التواء انتخابی عذرداریوں کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن نے ایک ہفتے قبل چاروں صوبوں کے الیکشن ٹریبونلز کو ہدایت کی تھی کہ زیر التواء انتخابی عذرداریوں کی تفصیلات اور فیصلوں میں تاخیر کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔
مقررہ وقت میں صرف خیبر پختونخوا کے الیکشن ٹریبونلز نے الیکشن کمیشن کو رپورٹ بھجوائی ہے جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے الیکشن ٹریبونلز نے تاحال خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو ملنے والی واحد رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کل 72 میں سے 62 انتخابی عذرداریاں نمٹائی جاچکی ہیں۔
زیر التواء 10 عذرداریوں میں سے 4 پر اعلیٰ عدالتوں نے حکم امتناع دے رکھا ہے، 2 مقدمات کی سماعت مکمل ہو چکی ہے جن پر فیصلہ چند روز میں آجائے گا جبکہ 4 انتخابی عذرداریاں ابھی تک الیکشن ٹریبونلز میں زیر سماعت ہیں