اسلام آبا د(جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں کل ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار سردار رضا خان کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سندھ کے 8 اضلاع میں کل بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں اجلاس میں کچھ فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت سندھ کی 81 یونین کونسل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں جس کا باضابطہ نوٹی فیکیشن کچھ دیر میں جاری کردیا جائے گا۔
بابر یعقوب نے کہا کہ کل ہونے والے انتخابات میں حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، تھرپارکر، ٹنڈوالہ یار، جامشورو، نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور بے نظیرآباد کی کچھ یونین کونسلز، ٹاؤن کمیٹیوں اور میونسپل کمیٹیوں متاثر ہورہی ہیں جب کہ جن یونین کونسلوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں تھرپارکر کی 6، نوشہروفیروز 17، میرپور خاص ڈویژن 25، بدین 4، حیدرآباد 24 اور سانگھڑ کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں۔
اس سے قبل چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سندھ کے 8 اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی فہرست عدالت میں پیش کی جب کہ عدالت نے سپریم کورٹ نے سندھ کے 8 اضلاع میں نئی انتخابی حلقہ بندیاں کالعدم قراردینے کا ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے ان اضلاع میں انتخابات کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت انتخابات ملتوی کرانے کا حکم نہیں دے رہی کیونکہ یہ اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔
واضح رہے سندھ ہائیکورٹ نے 8 اضلاع میں چوبیس گھنٹوں کے اندر دوبارہ حلقہ بندیوں کا حکم دیا تھا۔