این اے 75: الیکشن کمیشن کے عملے سے نتائج تبدیل کرائے گئے، رانا ثنا کا دعویٰ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومتی ایما پر الیکشن کمیشن کے عملے کو ایک فارم ہاؤس میں لے جاکر نتائج تبدیل کروائے گئے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 100 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں میں دھاندلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے بہتر ہے کہ پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب ہو۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی اور اس دوران پیدا ہونے والی کشیدگی سے دو افراد بھی جاں بحق ہوئے۔

ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 20 پولنگ اسٹیشنوں کا نتیجہ سامنے نہ آنے پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر ضمنی الیکشن کا نتیجہ روک رکھا ہے۔