اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو 15 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ارکان کی رکنیت معطل ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 1195 میں سے 394 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ ان میں سینیٹ 14، قومی اسمبلی کے 112، پنجاب اسمبلی کے 144، سندھ اسمبلی 48، خیبر پختونخوا کے 50 اور بلوچستان اسمبلی کے 26 ارکان شامل ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ارکان سینیٹ انتخاب میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ جن سیاسی شخصیات نے اپنے گوشوارے ابھی تک جمع نہیں کرائے ان میں وفاقی وزرا نور الحق قادری، فواد چودھری، اسد عمر اور حماد اظہر، شفقت محمود علی حیدر زیدی اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عامر محمود کیانی، خرم دستگیر، محسن شاہ نواز رانجھا، شہباز شریف، زرتاج گل، نوید قمر، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی۔ مائزہ حمید، حنا ربانی کھر، ناز بلوچ، مصدق ملک، مصطفیٰ نواز کھوکھر، رضا ربانی، محمد علی سیف راجہ بشارت اور حمزہ شہباز نے بھی ابھی تک اپنے گوشوارے الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائے۔
ان افراد میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی، شرمیلا فاروقی، شہلا رضا، شوکت یوسفزئی، شاہرام خان ترکئی، کامران بنگش اور نگہت یوسفزئی شامل ہے۔