الیکشن کمیشن کی گوشوارے جمع کرانے کیلئے 29 اگست تک کی مہلت

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو انتیس اگست تک مالی گوشوارے جمع کرانے کیلئے دوبارہ ہدایات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں پولیٹیکل آرڈر دو ہزار دو کے تحت اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی پابند ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں انتیس اگست تک سالانہ آمدنی، اخراجات اور فنڈز کے ذرائع بھی بتائیں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات پارٹی کا مجاز رکن سیکریٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا سکتا ہے۔

فیکس یا کوریئر کے ذریعے بھجوائی گئی تفصیلات قابل قبول نہیں ہوں گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مالی حسابات چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ کرانے کے بعد جمع کرائے جائیں۔